بنگلورو،4؍ اگست (ایس او نیوز)ایسے مرحلے میں جب کہ وزیراعلیٰ بسواراج بومئی نے اپنی کابینہ میں توسیع کیلئے بی جے پی اعلیٰ کمان سے منظوری حاصل کرلی ہے - سابق وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا اس کابینہ میں اپنے فرزند وجیندرا کو شامل کرنے کیلئے کوشاں ہیں -
کرناٹک ہائی کورٹ کا ایک تازہ حکم وزارت میں وجیندرا کی شمولیت کیلئے خطرے کا سبب بن سکتا ہے کیونکہ منگل کے روز کرناٹک ہائی کورٹ نے ایڈی یورپا وجیندرا سمیت 4 افراد کو نوٹس جاری کردی ہے- سماجی کارکن ٹی جے ابراہم کی طرف سے ایڈی یورپا اوران کے اہل خانہ پر رشوت ستانی کے الزامات لگاتے ہوئے دائر کی گئی عرضی کو عدالت نے سماعت کیلئے منظورکرلیا ہے- جسٹس سنیل دت یادو کی بنچ نے ایڈی یورپا، وجیندرا، ایس ٹی سوم شیکھر اور آئی ایس آفیسر پرکاش کو سماعت کے لئے حاضر ہونے کے لئے نوٹس جاری کیا اورکیس کو اگلے ہفتہ کے لئے ملتوی کردیا-
اس سے پہلے اس معاملے کی ایڈی یورپا کے خلاف جانچ کیلئے گورنر سے منظوری درکار تھی اب جب کہ انہوں نے وزیراعلیٰ کا عہدہ چھوڑدیا ہے اسی لئے عدالت کی ہدایت پر ہی جانچ شروع کی جاسکتی ہے -اسی بنیاد پر ابراہم نے عدالت سے رجوع کیا ہے -